Home » News » ن لیگ کی مزید تین ویڈیوز لانے کی تیاریاں

ن لیگ کی مزید تین ویڈیوز لانے کی تیاریاں

لاہور (رانا محمدعظیم)مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے مبینہ ویڈیو سامنے آ نے کے حوالے سے کئی اہم انکشافات سامنے آ ئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ ویڈیو کے حوالے سے پلاننگ چند روز قبل کی گئی اور اسی پلاننگ کے تحت شہباز شریف کو جمعرات کے روز مریم نوز کے ساتھ نوازشریف سے ملاقات کیلئے بلوایا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہباز شریف کو عدلیہ اور اہم اداروں کے خلاف سخت رویہ اپنانے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق اس سارے معاملے میں پریس کانفرنس سے لیکر اس کی تیاری، ملکی، غیر ملکی میڈیا میں کس طرح اس کی تشہیر کی جائے ، غیر ملکی میڈیا میں کس طرح اس کو چلوایا جائے ،اس کی ذمہ داری پرویز رشید کو دی گئی تھی۔ 
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پریس کانفرنس کے بعد اب پیپلزپا رٹی ، جمعیت علما اسلام (ف) اور اے این پی کی قیادت سے بھی اس حوالے سے بیانات دلوائے جائیں گے اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اس پر بھرپور شور ڈالا جائے گا اور اس کے بعد اگلے مرحلے میں ن لیگ کے لائرز ونگ کے ذریعے بھی اس میں سخت رد عمل اور پٹیشنز کرائی جائیں گی۔ 
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ابھی تین اور ایسی مبینہ ویڈیوز سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی جو مبینہ طور پر ایسی ہوں گی کہ جن کی تصدیق یا تردید ممکن نہیں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق اس مبینہ ویڈیو کے مرکزی کردار ناصر بٹ، ن لیگ کے پرانے کارکن ہیں اور نوازشریف کے برطانیہ میں گارڈ بھی رہے ہیں ، جب یہ مبینہ ویڈیو بنوائی گئی تو اس وقت ایک سول خفیہ ادار ے کے سابق اہلکار نے باقاعدہ اس کو بریفنگ دی تھی اور وہ اس کے ساتھ رابطہ میں رہے ۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*